حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بین الاقوامی ادارہ الباقر کے شعبۂ تبلیغات ’’مجلسِ علمائے امامیہ پاکستان‘‘ کے زیرِ اہتمام میلادِ باسعادت پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفیٰ اور حضرت امام جعفر صادقؑ کی مناسبت سے ’’اتحادِ امت اور تعلیماتِ صادقین‘‘ کے عنوان سے عظیم الشان کانفرنس، الباقر مرکز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
کانفرنس میں علمائے کرام اور مبلغین امامیہ، دینی و علمی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

کانفرنس میں سیرتِ پیغمبر اکرم اور تعلیماتِ امام جعفر صادقؑ کی روشنی میں اتحادِ امت، اخوتِ اسلامی اور موجودہ دور کے فکری و تہذیبی چیلنجز کو اجاگر کیا گیا۔

کانفرنس سے سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امتِ مسلمہ کو درپیش مشکلات کا مقابلہ اتحاد اور بصیرت کے ساتھ کیا جا سکتا ہے۔ سیرتِ پیغمبر اکرم اور امام جعفر صادقؑ میں اتحادِ امت کے روشن نمونے موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیماتِ صادقینؑ ہمیں یہ درس دیتی ہیں کہ مسلمان اپنے علمی و فقہی اختلافات کے باوجود قرآن، رسول اکرم اور مشترک اسلامی اقدار کی بنیاد پر متحد رہ سکتے ہیں۔
کانفرنس میں موجودہ فکری و تہذیبی چیلنجز کے تناظر میں علماء و مبلغین کی ذمہ داریوں پر سیر حاصل گفتگو ہوئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ سیرتِ صادقینؑ سے رہنمائی لیتے ہوئے معاشرے کو درپیش ان تہذیبی و فکری چیلنجوں کا مقابلہ کیا جانا چاہیے۔

یاد رہے ادارۂ الباقر ایک علمی، تبلیغی و سماجی ادارہ ہے جو بانی و مؤسس حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی سربراہی میں تبلیغ، تعلیم، تحقیق اور رفاہ کے شعبے میں سرگرم عمل ہے۔









آپ کا تبصرہ